عمران خان کے خلاف مزید 14مقدمات درج ، تعداد 76ہو گئی
اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کے خلاف ڈی چوک احتجاج کے بعد اسلام آباد میں مزید چودہ مقدمات بنا دیئے گئے ہیں ۔ اس طرح عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی مجموعی تعداد 76 ہوچکی ہے ۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کے خلاف مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے ۔ قبل ازیں پولیس رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات تھے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کے حصول کی درخواست نمٹا دی۔ عمران خان کی بہن نورین نیازی نے مقدمات کی تفصیلات کے لئے درخواست دائر کی تھی ۔ عدالت میں نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی رپورٹس جمع کرائی گئیں ، اسی طرح کے پی، سندھ اور بلوچستان کے مقدمات کی رپورٹ بھی جمع کرا دی گئیں ۔
