تحریک انصاف کا بڑا یوٹرن ، ڈی چوک میں کارکنوں کےجاں بحق ہونے کے دعوے سے دستبردار
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف 26 نومبر کی رات ڈی چوک میں سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں سینکڑوں کارکنوں کے جاں بحق ہونے کےدعوے سے دستبردار ہو گئی ہے صرف بارہ افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ۔ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ عمران خان سے مظاہرے پر بات ہوئی ہے ۔ ہم نے بانی کو مظاہرے پر معلومات فراہم کیں، اخبار اور ٹی وی کی سہولت نہ ہونے کے باعث بانی کو کوئی پتا نہیں تھا کہ اسلام آباد میں 26 نومبر کو کیا ہوا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو ورکرز باہرنکلےبانی پی ٹی آئی نےانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ آگے کے لائحہ عمل کااعلان بانی پی ٹی آئی بعد میں کریں گے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے رینجرز ، پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو پیغام دیا ہے اتحاد برقرار رکھو، مخالفین تفرقہ ڈال رہے ہیں۔ صرف ایک مطالبہ ہے کہ گولی کیوں چلائی گئی۔ گولی نہیں چلائی جانے چاہیے تھی ۔
