ہزاروں کارکنوں کو گولیاں لگی ہیں،وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا دعویٰ
مانسہرہ :وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ دھرنا ایک تحریک ہے جو جاری ہے اور عمران خان کی کال تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔ مانسہرہ میں پریس کانفرنس کےدوران علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پرامن کال دی۔ ہم اپنے جائز حقوق کی بات کررہے ہیں، ہماری پارٹی کے ساتھ جبر کیا گیا ہے، ہمیں بانی پی ٹی آئی نے ڈی چوک جانے کی اجازت دی تھی لیکن ہم پر سیدھے فائر کئے گئے ۔ صورتحال کو جان بوجھ کر خراب کیا گیا۔ جب عمران خان کہیں گے تب ہی دھرنا ختم ہوگا۔ یہ دھرنا عمران خان کے اختیار میں ہے۔ ہمارے دھرنے میں لوگوں کو گولیاں ماری گئیں۔ کئی کارکن شہید ہوئے ۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت زیادہ کارکنوں کو گولیاں لگی ہیں ۔ ہمارے ہزاروں کارکن گرفتار ہوئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہا۔ ہم نے اسلام آباد احتجاج کے لیے پُر امن مارچ کی کال دی تھی ۔ پرامن دھرنے پر گولیاں چلائی گئیں، ہم پر تشدد نہ ہوتا تو ہمارے لوگ بھی جواب نہ دیتے۔
