ڈی چوک پر وزرا کی پریس کانفرنس ، مذاکرات نہ کرنے کا اعلان
اسلام آباد : وفاقی وزرا نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی سے کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد ڈی چوک پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ ڈی چوک کو مظاہرین سے خالی کرالیا گیا. انہیں دونمبر چورنگی سے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کسطرح کے لوگ احتجاجی قافلے میں آئے اور کارروائی کی یہ پوری دنیا نے دیکھا ہے، پُرامن احتجاج کا ڈرامہ کیا گیا۔ اُن کی کوشش تھی کہ کسی طرح لاشیں ملیں مگر ہم نے جانی نقصان نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اب مذاکرات کی کوئی صورت نہیں، حکومت کا دو ٹوک فیصلہ ہے کہ دھرنے والوں سے کوئی بات نہیں ہو گی ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جانی اور مالی نقصان کی ذمہ دار اور سارے فساد کے پیچھے ایک عورت ہے۔ ان کی خباثت کی انتہا یہ ہے کہ رینجرز اہلکار شہید ہوئے تو کہا اپنی ہی گاڑی کے نیچے آئے ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ یہ غریب کے بچے کو ڈھال بنانے کیلیے یہ لوگ منظم واردات کرتے ہیں ۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں مظاہرین کی جانب سے غلیل کی مدد سے مارے گئے کنچے اور شیل بھی دکھائے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آج ہم نے ان کی پھینٹی لگائی یے۔ بنٹے مار کر کوئی کسی کو رہا نہیں کرواسکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے افغان شہریوں کو پارٹی کی ممبر شپ دی ہوئی ہے۔
