پولیس اور پی ٹی آئی کے مظاہرین میں شدید جھڑپیں ،ہزارہ موٹر وے پل پر شیلنگ، اٹک پل میدان جنگ
اسلام آباد، اٹک ، ہری پور : پی ٹی آئی کے قافلے اسلام آباد میں احتجاج کرنے کےشہر اقتدار پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں جاری ہیں ۔ مظاہرین نے ہزارہ موٹر وے پل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ، اس پوائنٹ سے پولیس پیچھے ہٹ چکی ہے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اورعمر ایوب کی قیادت میں قافلے پنجاب کی حدود میں داخل ہو چکے ہیں ۔ایک قافلہ ہزارہ انٹر چینج سے ڈی چوک کی طرف مارچ کر رہا ہے مگر راستے میں پولیس کا کڑا پہرا ہے ۔
غازی بروتھا پل کی صورتحال
غازی بروتھا پر پولیس کی جانب سے قافلے پرشدید شیلنگ ہوئی ۔ یہاں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پلےکارڈ اٹھا رکھےہیں جبکہ عمران خان کے حق میں نعرے لگ رہے ہیں ۔
ہزارہ انٹرچیج پر عمر ایوب کا قافلہ موجود
ہزارہ انٹر چینج پر عمر ایوب کا قافلہ آگے بڑھنے کو تیارہے ۔ کارکنوں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی توپولیس نےانہیں پیچھے دھکیل دیا۔ یہاں شیلنگ کی گئی جس سے کئی کارکن زخمی ہوئے جس پرکارکنوں نے پہلے سے بڑھ کر حملہ کرنے کی کوشش کی ۔ علی امین ہزارہ ڈویژن کے قافلے کو پنجاب پولیس کے حصار سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔
اٹک کی صورتحال
ہزارہ موٹروے پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہو رہی ہیں ۔ مظاہرین نے ہزارہ موٹروے پل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ پتھراؤ سے چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔ مظاہرین پل پر رکھے کنٹینرز ہٹانے کی کوشش میں ہیں ۔ مشتعل مظاہرین نے ہزارہ موٹروے پر 2 پرائیوٹ گاڑیوں کوآگ لگا دی جس سے اٹک کا علاقہ میدان جنگ بنا ہوا ہے ۔
میانوالی کی صورتحال
میانوالی سے آنے والا قافلہ سی پیک روٹ پر ڈھوک مسکین کے قریب پہنچ گیا۔ پولیس کی بھاری نفری ربڑ کی گولیوں سے لیس ہے ۔ مظاہرین کو ہکلہ انٹرچینج پر شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ سی پیک روٹ مہلو گاؤں کے قریب کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ مظاہرین آگے بڑھے تو یقینی طور پر پھر علاقہ میدان جنگ بن جائے گا۔
