اسلام آباد آنے والے تمام انٹری پوائنٹس سیل ، مختلف شہروں میں خندقیں کھود دی گئیں
اسلام آباد : تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری نے تین حصار بنا لئے ہیں جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے اسلام آباد اور راولپنڈی آنے والے تمام راستے بند کر دیئے ہیں ۔ اسلام آباد میں 26نمبر چُونگی کنٹینر لگا کر مکمل سیل ہے ۔ اس علاقے میں رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ سری نگر ہائی وے بھی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بند ہے ۔ اسی طرح ایکسپریس وے بھی کھنہ پل کے مقام پر دونوں اطراف سے سیل کر دی گئی ہے ۔ کھنہ پل پر رکھے گئے ایک کنٹینر میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔ ائیر پورٹ جانے والے راستے پر بھی کنٹینرز موجود ہیں فیض آباد سے اسلام آباد کا راستہ بھی مکمل بند کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے اڈیالہ جیل کی طرف جانے والے راستوں کو بھی سیل کر دیا ہے ۔ مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کی طرف کسی بھی مظاہرے کی اجازت نہیں۔
