لیبیا میں پاکستانیوں کی کار کو حادثہ ، 6جاں بحق
سیالکوٹ (خضر شیخ ، نمائندہ سیالکوٹ ) لیبیا میں پاکستانیوں کی کار کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں چھ نوجوان زندہ جل گئے ۔ جاں بحق ہونے والے دو نوجوانوں کا تعلق سمبڑیال کے نواحی گاؤں دوبرجی چندا سنگھ سے ہے۔ نوجوانوں کی شناخت عمر اللہ رکھا اور ملک عادل رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثہ لیبیا کے شہر زوارہ کے مشرقی علاقہ میلیٹا میں پیش آیا۔ کار تیز رفتاری کے باعث سڑک لیول کرنے والی موٹر گریڈر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے فوری بعد کار میں آگ لگ گئی جس میں سوار چھ پاکستانی لقمہ اجل بن گئے۔
تمام نوجوان 31 اکتوبر کو فیصل آباد ائیرپورٹ سے سعودیہ کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔ عمرہ ادا کرنے کے بعد تمام نوجوان لیبیا گئے۔ ذرائع کے مطابق یہ نوجوان غیر قانونی طور پر لیبیا کے راستے اٹلی جانا چاہتے تھے مگر حادثہ پیش آگیا۔
