لاتعداد کیچز ڈراپ کر کے شاہین کینگروز کے ہاتھوں وائٹ واش
ہوبارٹ : ٹی ٹوینٹی سیریز میں قومی ٹیم نے تیسرے اور آخری میچ میں بھی بدترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا ۔ تیسرے میچ میں شکست کے بعد آسٹریلیا سے ایک اور وائٹ واش کا داغ سجا لیا ۔ آخری ٹی 20 میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو آسانی سے زیر کیا ۔
ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز نے 118 رنز کا ہدف 11.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ مارکوس اسٹونس نے 27 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 61 رنز جوڑے ۔ جوش انگلس نے 27 اور جیک فراسر نے 18 رنزبنائے ۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر پوری ٹیم 117رنز پر ہی جواب دے گئی ۔ بابراعظم 41 اور حسیب اللہ خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اس سیریز میں قومی ٹیم نے ایک درجن سے زائد کیچز ڈراپ کئے ۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق دوسرے میچ میں کیچز ڈراپ کرنے کی وجہ سے ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
