عمران خان کی 9مئی کے چار مقدمات میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری
لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نےعمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 5 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان ان مقدمات میں نامزد نہیں ، انہیں ضمنی بیان کی روشنی میں نامزد کیا گیا اور ان پر صرف مجرمانہ سازش کی حوصلہ افزائی کے الزامات ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق پولیس آفیشلز نے اس سازش کو سنا لیکن حیران کن طور پر پولیس حکام نے اعلیٰ افسر کو اس سازش کے بارے میں نہیں بتایا۔ درخواست گزار کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا، جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے گرفتاری سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا جب کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے سامنے نو مئی کے واقعات کی مذمت کی۔اس طرح عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے چار مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔
واضح رہے کہ 15 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے بارہ مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر 10 روزہ ریمانڈ دے دیا تھا۔
