عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دے دی
اسلام آباد : عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے چوبیس نومبر کو احتجاج کی کال دے دی ہے ۔ اسلام آباد میں بڑا مظاہرہ ہوگا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم انہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کمیٹی کے نام نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر گرفتار کرلیا جاتا ہے ۔ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھراور پوری دنیا میں ہوگا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔
فیصل چوہدری کےمطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارامینڈیٹ واپس کیا جائے، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔
فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے دوران گفتگو کہا کہ احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جب کہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہوگا۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے اسلام آباد آئیں گے ۔
