آئینی بینچز 14نومبر سے سماعت کا آغاز کریں گے ، کمیٹی اجلاس میں فیصلہ
اسلام آباد :سپریم کورٹ میں آئینی بینچز کی کمیٹی نے آئینی بینچ کے سامنے مقدمات مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، آئینی بینچز 14 نومبر سے سماعت شروع کریں گے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں آئینی بینچز کی کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں جسٹس محمد علی مظہر نے ٹیلی فون شرکت کی ۔ اس موقع پرآئینی بینچ کے سامنے مقدمات مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گزشتہ روز بھی آئینی بینچز کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں آئینی مقدمات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی تھی ۔ اجلاس میں 191 (اے) کے تحت مقدمات کی کلر کوڈنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ سینئر ریسرچ افسر مظہر علی خان کو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات کی اسکروٹنی کا کام سونپا گیا تھا۔
اس سے قبل 5 نومبر کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ قائم کیا گیا تھا۔26 ویں ترمیم کی روشنی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا پہلا اجلاس ہوا تھا، جس میں آئینی بینچز میں ججز کی نامزدگی پر غور ہوا۔ یا درہے کہ جسٹس امین الدین کی تقرری کی حمایت میں 12 رکنی کمیشن کے 7 ارکان نے ووٹ دیا تھا جبکہ 5 ارکان نے مخالفت کی۔
