پاکستان میں اسموگ کی صورتحال بدتر ، خلا سے بھی نظر آنے لگی
پاکستان میں اسموگ خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے اب خلا سے بھی نظر آنے لگی۔ اسموگ کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہونے لگا جبکہ موٹرویز کو بھی مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔پاکستان کے مشرقی اور بھارت کے شمالی علاقوں میں پھیلی ہوئی اسموگ سیٹلائٹ تصاویر میں بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں رواں ہفتے لاہور اور ملتان کے اوپر گہری اسموگ کو دکھایا گیا ہے۔ سی این این کی رپورٹ میں ناسا کی جانب سے 31 اگست 2024 اور 10 نومبر 2024 میں سیٹلائٹ کے ذریعے لاہور اور دہلی کے محل وقوع کو ٹیگ لگا کر تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ناسا کی جانب سے شیئر تصویر میں دہلی اور لاہور کے علاقوں میں سطح زمین پر ہریالی واضح نظر آ رہی ہے جبکہ دوسری تصویر میں صرف دھند ہی نظر آتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور اور ملتان فضائی آلودگی کے اعتبار سے بدترین قرار پائے ہیں اور تمام تر اقدامات کے باوجود کوئی بہتری نہیں ہوئی۔
