بھارت کے انکار کے بعد پی سی بی کا بھی دو ٹوک فیصلہ
لاہور: پی سی بی نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے مائنس انڈیا فارمولے پر غور شروع کر دیا۔ پی سی بی نے 1996 اور 2003 ورلڈ کپ کی مثال پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مائنس فارمولے پر بھی کام ہو سکے اور چیمپئنز ٹرافی ہر حال میں کامیابی سے سر انجام پائے ۔ 1996 میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا جبکہ 2003 میں نیوزی لینڈ نے کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف ٹیموں کو پوائنٹس دے دیے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کا آئی سی سی میں یہ مؤقف ہوگا کہ ماضی میں ٹیموں کے نہ آنے پر وینیو تبدیل نہیں کیا گیا، ان مثالوں کی بنیاد پر پاکستان ایک سخت مؤقف اپنائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی پر اب تک کوئی بات تحریری طور پر نہیں کی گئی صرف بھارتی میڈیا کے توسط سے ہی خبریں آئی ہیں کہ بھارت پاکستان کھیلنے نہیں آئے گا۔
