اسموگ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی
لاہور:سموگ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں جال پھیلا دیا ۔ جس کےبعد پنجاب حکومت بڑے فیصلوں پر مجبور ہوگئی ۔ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں 11 نومبر سے 17 نومبر تک آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد رہے گی، پابندی کا اطلاق لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ پر ہو گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ تاریخوں کے دوران ہر قسم کے آؤٹ ڈور کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر پابندی ہوگی، ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہو گی تاہم مذہبی اجتماعات مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے تاہم میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز مستثنیٰ ہوں گے۔ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز میں صرف گراسریز اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے۔
