نئے صوبوں کا معاملہ قومی مشاورت سے حل ہونا چاہیے: چودھری شجاعت حسین
صدر پاکستان مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ سیاسی محاذ آرائی نہیں، قومی مشاورت سے حل ہونا چاہیے۔

چودھری شجاعت حسین سے مسلم لیگ سندھ کے صدر آصف جمال، جنرل سیکرٹری آفاق خٹک نے ملاقات کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی اور محرومیوں کے خاتمے میں مسلم لیگ کا تاریخی کردار ہے، قومی اتفاقِ رائے اور مشاورت سے مسائل کا حل نکالا جائے، عوام کو بہتر طرزِ حکمرانی، بنیادی سہولیات اور فوری انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ سیاسی محاذ آرائی نہیں، قومی مشاورت سے حل ہونا چاہیے، نئے صوبوں کا فیصلہ سیاسی مفادات یا وقتی نعروں کے بجائے قومی مفاد میں کیا جائے، عوام کو کس انتظامی نظام سے زیادہ سہولت مل سکتی ہے، اصل سوال یہی ہے، مؤثر، بااختیار اور مضبوط انتظامی یونٹس بھی انتظامی مسائل کا حل ہو سکتے ہیں۔
صدر مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کر کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں صف بندی کے بجائے مذاکرات کی میز پر بیٹھیں، قومی معاملات کو سیاسی انا سے بالاتر ہو کر دیکھنا ہوگا، مضبوط صوبے، بااختیار ادارے اور مطمئن عوام ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد ہیں۔
