پاکستان،سعودیہ،ترکیہ کا سربراہی اجلاس آج،مشترکہ دفاعی معاہدے پردستخط متوقع
سعودی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کا آج سربراہی اجلاس ہورہا ہے جس میں تینوں ملکوں کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

فرانسیسی خبر ایجنسی نے سعودی فوج کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط آج جدہ میں کیے جائیں گے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع کا کہنا تھا کہ اس معاہدے پر کافی عرصے سے غور کیا جا رہا تھا، تاہم خطے میں حالیہ پیش رفت نے اس عمل کو تیز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شہبازشریف جدہ میں آج اہم ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جدہ پہنچ چکے ہیں۔
ادھر ترک صدارتی شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بتایا دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
