پاکستانتازہ ترین

الیکشن میں ہمارا مینڈیٹ چرایا توآپکا تخت چھینیں گے : بلاول، پی ٹی آئی کی طرف بھی ہاتھ بڑھا دیا

ن لیگ کو شکست دینے کیلئے تحریک انصاف2 اگست کو ہمارے امیدواروں کو ووٹ د ے ، شفاف الیکشن کیلئے انکی طرف ہاتھ بڑھا رہا ہوں آزاد کشمیر الیکشن ،فیصلہ بیلٹ سے ہونا چاہئے ، بلٹ سے نہیں، مبینہ ووٹ چوری کو نوٹیفکیشن کے پیچھے نہیں چھپایا جا سکتا ،مظفر آباد میں خطاب

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خبر دار کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا تو آپ کا تخت چھینیں گے، انہوں نے کہا کہ انتخابات کا فیصلہ بیلٹ سے ہونا چاہئے ، بلٹ سے نہیں، تحریک انصاف کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے ووٹرز اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 2 اگست کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر ہمارا ساتھ د یں تاکہ مسلم لیگ (ن) کو شکست دی جائے ، الیکشن پر ڈا کا ڈالا گیا تو وفاقی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوجائے گی،(ن )لیگ نے لاہور میں کام کیا ہوگا مگر آزاد کشمیر میں کچھ نہیں کیا، میں کشمیر کو پنجاب یا سندھ نہیں بنانا چاہتا، کشمیر کو آزاد کشمیر ہی دیکھنا چاہتا ہوں، پی ٹی آئی بائیکاٹ ختم کر کے شفاف الیکشن کیلئے ہمارا ساتھ دے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کیلئے پی ٹی آئی کارکنوں و رہنمائو ں کی طرف ہاتھ بڑھا رہا ہوں، انہوں نے پی ٹی آئی کے ووٹرز سے کہا کہ سیاسی عمل سے دور رہنے کے بجائے میدان میں آئیں اور انتخابات میں بھرپور حصہ لیں۔ مظفر آباد خورشید حسن خورشید سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ جو لوگ انتخابی دھاندلی سے تنگ ہیں، وہ تمام سیاسی قوتوں اور کارکنوں کے ساتھ مل کر آزادانہ اور شفاف انتخابات کی جدوجہد کریں ، بلاول نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹرز کو گھروں سے نکالیں، کیونکہ بھرپور عوامی شرکت ہی کسی بھی مبینہ انتخابی دھاندلی کی کوشش کو ناکام بنا سکتی ہے ،مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے اقتدار برقرار رکھنے کیلئے آزاد کشمیر کے انتخابات کو زندگی اور موت کا مسئلہ بنا دیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کے ووٹ پر ڈا کا ڈالا گیا تو اس کے سیاسی نتائج سنگین ہوں گے اگر آزاد کشمیر میں صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں تو وفاقی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، تاہم عوام کے ووٹ چوری کئے گئے تو یہ مسلم لیگ (ن) کے زوال کا آغاز ہوگا۔ پیپلزپارٹی اپنے مینڈیٹ کا ہر صورت دفاع کرے گی، ہم نے ضیاء الحق سے لے کر پرویز مشرف تک آمریتوں کا مقابلہ کیا ، ہم جانتے ہیں اپنا مینڈیٹ کیسے بچانا ہے اور اسے بچائیں گے ، ہمارے جیالے شیر کا شکار کرنا جانتے ہیں۔بلاول نے کہا کہ 2 اگست کا ا لیکشن کشمیر کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرے گا، عوام پیپلزپارٹی کے تیر پر مہر لگا کر حق حکمرانی، حق ملکیت اور حق روزگار کیلئے ووٹ دیں ،انتخابات کے نتائج گولی نہیں، بیلٹ سے طے ہونے چاہئیں، مبینہ ووٹ چوری کو کسی نوٹیفکیشن کے پیچھے چھپایا نہیں جا سکتا۔

میرپور ڈویژن کے انتخابات سے متعلق شکایات کی کھلی سماعت کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز کے نتائج، بیلٹ کی گنتی اور انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے لایا جائے ،پیپلزپارٹی نے مبینہ دھاندلی کے ویڈیو ثبوت الیکشن کمیشن کو فراہم کئے تھے لیکن اس کے باوجود کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن غلط کو درست نہیں بنا سکتا اور نہ ہی ووٹ چوری کو چھپا سکتا ہے ،انہوں نے مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی دعوئوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ہر بس، سڑک، سکول اور ہسپتال کا خیرمقدم کرتی ہے ، تاہم مسلم لیگ (ن) بتائے کہ اس نے مظفرآباد کیلئے عملی طور پر کیا کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 200 میٹر طویل سی ایم ایچ فلائی اوور منصوبہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2020 میں شروع کیا تھا جو آج تک مکمل نہیں ہوسکا، جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر نے مظفرآباد میں 1500 فٹ طویل شہید ذوالفقار علی بھٹو پل کی تعمیر کرائی۔ انہوں نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع، ٹریننگ، سیاحت اور ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ صرف سوشل میڈیا کا نام نہیں، یہ طالب علم کیلئے کلاس روم، فری لانسر کیلئے دفتر اور چھوٹے کاروبار کیلئے بینک بن چکا ہے ،بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے میرپور اور مظفرآباد میں انٹرنیٹ بحال کیا، اب راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے انتخابات کے بعد حکومت، اپوزیشن، مہاجرین، وکلا، نوجوانوں، خواتین اور سول سوسائٹی پر مشتمل آئینی کنونشن بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے آئینی مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام خود کریں گے ،انہوں نے آزاد کشمیر اسمبلی اور پاکستان کی صوبائی اسمبلیوں میں بھی مہاجرین کی نمائندگی کا مطالبہ کیا۔بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر اسمبلی کی جانب سے سچ اورُمفاہمت کمیشن کے قیام کی قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے مظاہرین اور وفاقی حکومت پر زور دیا کہ کمیشن کو قبول کرکے معمولات زندگی بحال کرنے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے مظفرآباد ڈویژن میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کی اپیل کی ، اس موقع پر بلاول بھٹو کو سپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر نے کشمیری فرن بھی پہنایا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *