پاکستانتازہ ترین

لوئردیرمیں پولیس اورخوارج کےمابین جھڑپ، 6 دہشت گرد ہلاک

وزیر داخلہ نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا

لوئر دیر کے علاقے برچڑئی تالاش میں پولیس اور خوارج کے مابین جھڑپ کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق، محکمہ انسداد دہشتگردی اور ضلعی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا گروہ ضلع دیر کی پہاڑیوں میں موجود ہے۔ مزکورہ دہشت گرد چند دن قبل باڈوان پل چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث تھے جس میں کانسٹیبل محمد اسماعیل شہید ہوئے تھے۔

اس المناک واقعے کے بعد سی ٹی ڈی نے ڈسٹرکٹ پولیس کے ساتھ فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی شروع کی اور آج جب دہشت گرد اپنی کمین گاہوں سے واردات کی غرض سے نکلے تو جوانوں نے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس پر دہشت گردوں نے پولیس پارٹیوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جانب سے حق حفاظت خود اختیاری اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جوابی کارروائی کی گئی جو کافی وقت تک جاری رہی۔ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں خلیل الرحمان عرف صدام، نجم الدین عرف ابوجانہ اور کفایت اللہ شامل ہیں جبکہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے 6 عدد کلاشنکوف، 3 عدد ہینڈ گرینیڈز اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ مزکورہ دہشت گرد محکمہ انسداد دہشتگردی کو دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ علاقے میں دہشتگردوں کے فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اس کامیاب کارروائی پر محکمہ انسداد دہشتگردی اور ضلعی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گا اور ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہیدوں کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام مطلوب دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر کے علاقے میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کی ستائش کی۔

انہوں نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کے بہادر سپوتوں نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *