وزیراعظم اور فیلڈ مارشل مذاکرات کیلئے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ ایران تکنیکی سطح کے مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے جس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اعلیٰ سطح کے وفود کے ہمراہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزر لینڈ پہنچے ہیں، امریکہ اور ایران کے وفود بھی پہنچ چکے ہیں، قطر بھی شریک ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت پر عملدرآمد کی حمایت اور اس کے فروغ کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ مفاہمت پرعملدرآمد کیلئے کردار جاری رکھے گا، مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی ایران، قطر، سوئٹزرلینڈ اورامریکا کے وفود سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، ملاقاتوں میں مذاکرات اور پائیدار امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بحران میں پاکستان کی سہولت کاری اصولی، متوازن اور تعمیری مؤقف کی مظہر ہے، ان میں امریکا ایران کے ابتدائی مذاکراتی ادوار کی میزبانی اور مسلسل سفارتی رابطے شامل ہیں، یہی پاکستانی کردار بالآخر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کا باعث بنا۔
سوئس وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سوئٹزر لینڈ میں پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستانی مذاکرات کیلئے زیورخ سے برگن سٹاک پہنچ گیا، پاکستان بطور ثالث ایران امریکا مذاکرات میں شریک ہے۔
ایرانی وفد بھی چیف مذاکرات کار باقر قالیباف کی قیادت میں برگن سٹاک پہنچ چکا ہے، ایرانی وفد کو ’میناب 168‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار علی باقری، ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔
امریکہ کے وفود کی قیادت امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں، امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی اہم ترین دورے پر ایران پہنچے جہاں انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات بارے اہم ملاقاتیں کیں، محسن نقوی کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں نہایت اہم مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
