امریکی سینیٹ نے صدرٹرمپ کے اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظورکرلی
امریکی سینیٹ نے ایران کی ناکہ بندی ختم اور امریکی فوج کو وہاں سے ہٹانے کی قرارداد منظور کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی ناکہ بندی سے امریکی فوج کو ہٹانے کی قرارداد 47 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے منظور ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ووٹنگ اس بات کی علامت ہےکہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کیخلاف غیرمقبول جنگ سے نمٹنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ جنگ سے نہ صرف امریکا بلکہ دنیا بھرکی معیشتوں کو نصف ٹریلین ڈالر کا جھٹکا لگا ہے۔
سینیٹ کے بعد اب اس معاملےپر امریکی ایوان نمایندگان میں ووٹنگ ہوگی جو اسی ہفتے متوقع ہے۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایوان میں بھی یہ قرارداد منظور کرلی جائے گی کیونکہ اس سے پہلے ایران کے معاملے پر ووٹنگ ٹائی ہوگئی تھی جس کی وجہ یہ تھی کہ قرارداد کے حامی بعض اراکین طبی وجوہات کی بنا پر حاضر نہیں ہوسکے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اراکین کانگریس کی بڑی تعداد چاہتی ہے کہ ایران جنگ کیلیے کانگریس سے منظوری لی جائے۔
