کھیل

پی ایس ایل: حنین شاہ نے آخری اوورمیں بازی پلٹ دی، کنگزمین ٹرافی سے ایک فتح دور

نوجوان پیسر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 رنز بھی نہ بنانے دیے

شیردل حنین شاہ نے آخری اوور میں بازی پلٹ دی،نوجوان پیسر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 رنز بھی نہ بنانے دیے، حیدرآباد کنگز مین نے اعصاب شکن مقابلے میں 2 رنز کی فتح سے فائنل میں رسائی حاصل کر لی، ابتدائی چاروں میچ ہارنے والی ٹیم اگلے 8 میں سے 7 مقابلے جیت کراب ٹرافی سے ایک جیت دور ہے، اتوار کو فائنل میں پشاور زلمی سے سامنا ہوگا۔

گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 187 کے ہدف کا تعاقب کرنے والی ناکام سائیڈ7 وکٹ پر184 تک محدود رہی، مارک چیپمین نے 43 رنز بنائے،19 ویں اوور میں 22 رنز دینے والے محمد علی اور حنین نے 2،2 وکٹیں لیں، قبل ازیں فاتح ٹیم نے 5 وکٹ پر 186 رنز اسکور کیے، ان فارم عثمان خان نے ناقابل شکست 61 رنز کی اننگز کھیلی،انھیں تین چانسز بھی ملے۔ تفصیلات کے مطابق الیمنیٹرٹو انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا۔

آخری 2 اوورز میں یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں کی موجودگی میں 28 رنز بنانا تھے، میچ کنگزمین کی گرفت میں نظر آنے لگا البتہ محمد علی نے 22 رنز دے کر صورتحال بدل دی، گرین نے مسلسل 2 چوکوں کے بعد ایک چھکا بھی لگایا، آخری گیند کو فہیم اشرف نے فضائی روٹ سے بائونڈری پار پہنچا دیا، اب آخری اوور میں صرف6 رنز کی ضرورت تھی البتہ کنگز مین نے ہار نہ مانی، حنین کی پہلی گیند پر گرین کوئی رن نہ بنا سکے، اگلی پر سنگل سے اسٹرائیک فہیم کو ملی ، ایک ڈاٹ بال کے بعد وہ حسان خان کو کیچ دے بیٹھے، انھوں نے 19 رنز بنائے، اب 2 بالز پر 5 رنز باقی رہ گئے، عماد نے سنگل لیا، آخری گیند پر ٹیم کو چوکے کی ضرورت تھی لیکن گرین لیگ بائی کا سنگل ہی بنا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *