جنگ اختتام کے قریب، حالات کنٹرول میں، بیرونی قوتیں تنازع کو ہوا دے رہی ہیں: سوڈان
سوڈان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے مالی معاونت کاروں پر دباؤ ڈالے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے وزیر خارجہ محی الدین سالم نے ادیس ابابا میں افریقن یونین کی امن و سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالات پورے ملک پر فوج کے دوبارہ کنٹرول کی طرف بڑھ رہے ہیں اور جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں اب بھی اس تنازع کو ہوا دے رہی ہیں، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ افریقی یونین نے ملک میں ہونے والی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے کوئی وفد نہیں بھیجا۔
دوسری جانب افریقن کمیشن کے سربراہ محمود علی یوسف نے سوڈان میں جامع سیاسی حل کو ترجیح قرار دیا جبکہ مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے سوڈان میں سکیورٹی اور انسانی چیلنجز کے خاتمے پر زور دیا۔
انہوں نے بحران کے خاتمے اور امداد کی ترسیل کے لئے فوری جنگ بندی اور افریقن یونین کی چھتری تلے سوڈانی گروہوں کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ سوڈان کے علاقے کردفان میں بڑھتی ہوئی بد امنی کے دوران گزشتہ روز ڈرون حملے میں 2 بچے جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے جبکہ عالمی غذائی پروگرام کا ایک گودام بھی حملے کی زد میں آیا۔
اس سے قبل گزشتہ جمعہ کو شمالی کردفان میں عالمی غذائی پروگرام کے قافلے پر حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا جس کا الزام ریپڈ سپورٹ فورسز پر لگایا گیا ہے۔
