عالمی خبریں

وینیزویلا کے دارالحکومت میں زور دار دھماکے، فضا میں امریکی ہیلی کاپٹرز کی ویڈیوز سامنے آگئیں

دھماکوں کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور آسمان میں دھواں اُٹھتا ہوا دیکھا گیا


وینیزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں متعدد زور دار دھماکوں کی آواز سنی گئی ہے جس کی وجہ سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وینیزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں کم از کم سات زور دار دھماکے سنے گئے۔ شہریوں نے نچلی فضا میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر سی ایچ 47 چینوک کو بھی اُڑتے ہوئے دیکھا ہے جس کے بعد امریکی دھمکوں کے حوالے سے جنگ کے شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔

دھماکوں کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور آسمان میں دھواں اُٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس مبینہ حملے میں وینزویلا کے وزیر دفاع  ولادیمیر پیڈرینو لوپیزکے گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے بعد وزیر دفاع سے رابطہ نہیں ہو پارہا ہے۔

عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق دھماکے اتنے زوردار تھے کہ کھڑکیاں ہِل گئیں اور لوگ خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئے۔

فی الحال دونوں ممالک کے سرکاری یا عسکری ذرائع نے دھماکوں کے حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ تاہم میڈیا ذرائع کے مطابق وینیزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور وینیزویلا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے خاص طور پر امریکا کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں اور وینیزویلا پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *