بھارتی کپتان پریس کانفرنس میں سخت سوال سن کر بوکھلا گئے
دبئی : ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی برقرار رہی جس سے بھارت کی خوب جگ ہنسائی ہوئی ہے ۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سوال ہوا کہ کرکٹ میں سیاست کو کیوں لائے آپ ،جس پر بھارتی کپتان بوکھلا گئے ۔ فائنل کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کی پریس کانفرنس میں صحافی نے اُن سے سوال کیا کہ اس پورے ٹورنامنٹ میں آپ کا پاکستان ٹیم کے ساتھ جو رویہ رہا وہ سب کے سامنے ہے ۔ آپ نے ہینڈ شیک تک نہیں کیا ۔ پھر ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی نہیں ہوا۔ آپ نے ایک سیاسی پریس کانفرنس کی ، آپ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کپتان بن گئے ہیں جو کھیل میں سیاست کو لائے ۔
بھارتی کپتان صحافی کے سوال کا جواب دینے کے بجائے بوکھلا گئے۔ انہوں نے صحافی پر غصہ ہونے کا الزام لگادیا اور سوال سمجھ نہ آنے کا بہانہ کرکے راہ فرار اختیار کرلی۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کو سیاسی پریس کانفرنس پر جرمانہ بھی ہوا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی تمام میچز کی فیسیں بھارتی فوج کو دینے کا اعلان کرتے ہیں ۔