چین ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، شی جن پنگ
اسلام آباد : عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے اور یہ مدد جاری رہے گی ۔ سی پیک اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اس کے تحت پاکستان کے اہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپلز میں عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ سے تفصیلی ملاقات کی ۔ اس دوران دونوں ممالک کی دوستی کا جائزہ لیا گیا اور تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو چین کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے اور وہ اس عظیم سفر میں چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہے گا۔