سہیل وڑائچ نے ذاتی تشہیر کے لئے غیر ذمہ داری کامظاہرہ کیا ، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایک سینئر صحافی نے ذاتی مفاد اور تشہیرکیلئےغیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ 9 مئی کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں آنا ہی ہوگا۔ فیلڈ مارشل کی طرف سے کوئی انٹرویو نہیں دیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو صحافی سہیل وڑائچ کے جس آرٹیکل کی بات ہو رہی ہے وہ برسلز کا ایونٹ تھا اور وہاں سیکڑوں لوگوں نے تصویر بنوائی، آرمی چیف کی طرف سے کوئی انٹرویو دیا ہی نہیں گیا۔
ایونٹ میں پی ٹی آئی کا کوئی ذکر بھی نہیں ہوا نہ ہی معافی کی کوئی بات ہوئی ۔ ذاتی مفاد اور تشہیر کیلئے یہ ایک صحافی کی اپنی کوشش ہے، 9 مئی کے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قانون کے مطابق کٹہرے میں آ نا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم نے بہت واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اداروں کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، میڈیا کو سمجھنا چاہیئے کہ یہ مناسب نہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ سینئر صحافی ہو کر بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کی تقدیریں تبدیل کرنے والا ملک ہے، یہی وجہ ہے کہ اس پر تواتر سے حملے ہوتے ہیں، نوجوانوں کو اپنی نظریاتی ریاست کی میراث اور تاریخ سمجھنی چاہیے۔