کراچی میں مون سون کے طاقتور سسٹم نے تباہی مچا دی ، اربن فلڈنگ کے آگے حکومت بے بس
کراچی : مون سون کے طاقتور سسٹم نے کراچی میں تباہی مچا دی ۔ مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ۔ مختلف حادثات میں 8افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ درجنوں گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں ۔ اسی طرح شہر میں 600سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ۔ سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، قیوم آباد، گلستان جوہر، ملیر، شارع فیصل، ناظم آباد، نیو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ بارش کے سبب شہر کی مرکزی سڑکوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں ہر طرف پانی دکھائی دے رہا ہے ۔
گلشن حدید میں ایک گھنٹے سےزائد بارش جاری رہی جس سے علاقہ بدترین اربن فلڈنگ سے متاثر ہو گیا۔ حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، ضیاء کالونی، گلشن شمیم، لیاقت آباد 10 نمبر، جیل چورنگی، کارساز، کورنگی اور ایکسپریس وے سمیت متعدد مقامات پرہر طرف پانی دکھائی دیا۔ کراچی میں بارش کے باعث دیواریں گرنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ۔ گلستان جوہر بلاک 12 کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے ۔ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 خلیل مارکیٹ اقصیٰ مسجد کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 8 سالہ بچہ عبداللہ زندگی کی بازی ہار گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا موجودہ سلسلسہ جاری رہ سکتا ہے اوررواں ہفتے وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ۔