پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن نے بڑے ایونٹ کا اعلان کر دیا
لاہور: پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن نے بھارت کو شکست دینے پر پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بڑے ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔ اس ایونٹ کا نام معرکہ حق پاکستان کومبیٹ نائٹ رکھا گیا ہے۔ ایونٹ میں اوپن ایم ایم اے چیمپئن شپ اور روڈ ٹو بریو 100 کے کوالیفائنگ راؤنڈکے مقابلے شامل ہوں گے۔
اوپن ایم ایم اے چیمپئن شپ میں ایمیچور فائٹرز حصہ لیں گے، جن میں لڑکے اور لڑکیاں مختلف ویٹ کیٹگریز کی چھ ٹیموں میں ان ایکشن ہوں گی۔ ایونٹ کے فاتح فائٹرز کو ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ، جارجیا میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔ روڈ ٹو بریو 100 کے میچز رواں سال بحرین میں کھیلے جائیں گے، تاہم اس کے کوالیفائنگ راؤنڈ میچز پاکستان میں 24 اگست کو لاہور کے ڈی ایچ اے اسٹیڈیم فیز 6 میں منعقد ہوں گے۔ ان کوالیفائنگ راؤنڈز میں پاکستانی فائٹرز ازبکستان، آذربائیجان، ایران، مصر اور مراکش کے فائٹرز کے خلاف ان ایکشن ہوں گے۔فیڈریشن کے صدر عمر احمد کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایونٹ کے انعقاد میں بھرپور مدد فراہم کی ہے، جو وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس وژن کا حصہ ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل معیار کے کھیلوں کو فروغ دیا جائے۔ گزشتہ سال بھارتی فائٹرز کو شکست دینے والے پاکستانی فائٹرز ایک بار پھر ایکشن میں ہوں گے، جن میں گولڈ میڈلسٹ بانو بٹ اور ایمان خان بھی شامل ہیں۔