دہشت گردی کے خلاف جنگ، امریکا پھر پاکستان کا سٹریٹیجک پارٹنر بن گیا
اسلام آباد : پاکستان اور امریکا نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق کر لیا ہے ۔ اسلام آباد میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے تازہ ترین مذاکرات کا اہم دور منعقد ہوا، جس میں ہر قسم اور ہر شکل کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سیشن کی مشترکہ صدارت پاکستان کے اسپیشل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے ایکٹنگ کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی گریگری ڈی لوگرفو نے کی۔
دونوں وفود نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ ان آپریشنز میں کالعدم بی ایل اے، داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان شامل ہیں۔
امریکا نے خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کو خطرہ بننے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کی مسلسل کامیابیوں کو سراہا ۔ دونوں وفود نے سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور دہشت گرد کے لیے ٹیکنالوجیز کے استعمال کی روک تھام کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا