بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایشیا کپ پھر کھٹائی میں پڑ گیا
لاہور:بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اہم اجلاس میں ایشیا کرکٹ کپ کے انعقاد کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے ۔ ڈھاکا میں محسن نقوی کی سربراہی میں اجلاس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ بھارت کے راجیو شکلا نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی تاہم ایشیا کپ کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچا سکا۔ایشیا کپ کا میزبان بھارتی کرکٹ بورڈ چند روز میں اس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔اجلاس کے بعد محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میٹنگ بہت اچھے ماحول میں ہوئی، سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاست کو کھیل میں نہیں لانا ہے۔ ایشیا کپ پر بھارتی بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری رہے گی اور امید ہے کہ جلد شیڈول پر اتفاق ہو جائے گا۔
