بھارتی جارحیت کا دو ٹوک اور بڑاجواب دیا جائے گا، آرمی چیف
راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھارتی بیانات اور گیدڑ بھبکیوں کا منہ توڑ جواب دے دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی کا فوری، دوٹوک اور بلند سطح کا جواب دیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں “ایکسرسائز ہیمر اسٹرائیک”میں جنگی تیاریوں، جدید ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔آرمی چیف آف جنرل عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا بھی دورہ کیا، پاک فوج کی منگلا اسٹرائیک کور کی جانب سے اعلیٰ درجے کی جنگی مشق “ایکسرسائزہیمراسٹرائیک” رکھی گئی ہے ۔
آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔ مشق کا مقصد میدان جنگ کی حقیقی صورت حال میں پاک فوج کی حربی تیاری، مشترکہ عملی ہم آہنگی اور جدید اسلحہ جاتی نظام کے عملی انضمام کا مظاہرہ تھا۔مشق میں کثیرالجہتی فضائی طاقت، طویل فاصلے تک مار کرنے والی آرٹلری، جنگی ہیلی کاپٹرزاور جدید انجینئرنگ تکنیکوں کا کامیاب استعمال کیا گیا۔
