بھارت کے لئے پاکستانی فضائی حدود بند، ہندوستانی ایئرلائنز کا بڑا نقصان
نئی دہلی : پاکستان کی جانب سے بھارت کے لیے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد بھارتی ائیر لائنز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو گیا۔ ایک ہی دن میں بحران پیدا ہو گیا۔ بھارتی نائب صدر کی خصوصی پرواز کونیو دہلی سے اٹلی جاتے ہوئے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور بھارتی نائب صدر کی پرواز کو ڈیڑھ گھنٹے طویل فاصلہ طے کرنا پڑا۔ ٹورنٹو، نیویارک، لندن، ڈنمارک اور دمام سے دہلی کی پروازوں میں 2 گھنٹے اضافی لگے جب کہ برمنگھم، سان فرانسسکو، فرینکفرٹ اور پیرس سے دہلی کی پروازوں کو 2 گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔ اسی طرح ایمسٹرڈم اورآذربائیجان کے شہر باکو سے دہلی کی پرواز میں 2 گھنٹے تاخیر ہوئی، طویل دوارنیے کی بین الاقوامی پروازوں کو کئی دیگر ملکوں کے ائیرپورٹس پر اتارنا پڑا۔ شارجہ امرتسر پروازکو احمد آباد اور ٹورنٹو دہلی کی ائیر انڈیا کی پروازکو ڈنمارک اتارا گیا۔