لاہور میں گن پوائنٹ پر کاریں موٹر سائیکلیں چھیننے کی تعداد میں اضافہ
لاہور( رپورٹ : علی حیدر رانا ) لاہور میں گن پوائنٹ پر کار، موٹر سائیکل اور کمرشل گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں بھی بدستور جاری ہیں ۔ رواں سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران ایک سو باسٹھ موٹر سائیکلیں اسلحہ کی نوک پر چھینی گئیں۔
چارماہ کے دوران مختلف علاقوں سے کمرشل گاڑیاں چھیننے کی بھی چار وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ صدر ڈویژن سے تین، ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے ایک کار گن پوائنٹ پر چھینی گئی، پولیس ریکارڈ کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں صدر ڈویژن 50 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا۔ ماڈل ٹاؤن ڈویژن موٹر سائیکل چھیننے کی 36 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، پولیس ریکارڈکےمطابق سٹی ڈویژن موٹر سائیکل چھیننے کے 32 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ کینٹ ڈویژن سے تین ماہ کے دوران 28 موٹر سائیکلیں گن پوائنٹ پر چھینی گئیں، سول لائنز اور اقبال ٹاؤن ڈویژن میں موٹر سائیکل چھیننے کی آٹھ ، آٹھ وارداتیں رپورٹ ہوئیں ۔ کمرشل گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں ہوئیں، 2، 2 مقدمات درج ہوئے، پولیس ریکارڈ کے مطابق کمرشل گاڑیوں میں بس، ٹرک، آٹو رکشہ، پک اپ وین، مسافر ویگن اور دیگر لوڈر گاڑیاں شامل ہیں۔
