عمران خان کا آرمی چیف کے نام دوسرا خط
راولپنڈی :سابق وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو دوسرا کھلا خط لکھ دیا۔یہ خط عمران خان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا گیا ہے۔ اپنے خط میں عمران خان نے لکھا ہے کہ میں نے ملک و قوم کی بہتری کی خاطر نیک نیتی سے آرمی چیف کے نام کھلا خط لکھا، خط کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان دن بدن بڑھتی ہوئی خلیج کو کم کیا جاسکے مگر خط کا جواب انتہائی غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ داری سے دیا گیا۔ میں پاکستان کا سابق وزیراعظم اور ملک کی سب سے مقبول اور بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ ہوں۔
ساری زندگی عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں گزاری ہے، 1970ء سے اب تک میری 55 سال کی پبلک لائف اور 30 سال کی کمائی سب کے سامنے ہے، میرا جینا مرنا صرف اور صرف پاکستان میں ہے۔مجھے صرف اور صرف اپنی فوج کے تاثر، عوام اور فوج کے درمیان بڑھتی خلیج کے ممکنہ مضمرات کی فکر ہے جس کی وجہ سے میں نے یہ خط لکھا، میں نے جن 6 نکات کی نشاندہی کی ہے ان پر اگر عوامی رائے لی جائے تو نوے فیصد عوام ان نکات کی حمایت کریں گے۔ پہلے اڈیالہ جیل کے فرض شناس سپرنٹنڈنٹ اکرم کو اغواء کیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، وہ قانون کی پاس داری کرتا تھا اور جیل قوانین پر عمل درآمد کرتا تھا، اب بھی تمام عملے کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، بنیادی انسانی حقوق پامال کرتے ہوئے مجھ پر دباؤ بڑھانے کے لیے مجھ پر ہر ظلم کیا گیا مجھے موت کی چکی میں رکھا گیا، 20 دن تک مکمل لاک اَپ میں رکھا گیا جہاں سورج کی روشنی تک نہیں پہنچتی تھی۔
