مسلح افراد کا تھانہ صدر تاندلیانوالہ پر حملہ،حوالات میں بند تین بھائی قتل
تاندلیانوالہ : پولیس سٹیشن پر حملے اور فائرنگ کے واقعے نے علاقے میں خوف پھیلا دیا ہےجبکہ پولیس مکمل بے بس دکھائی دی ۔ فیصل آباد کے نواحی علاقے تاندلیانوالہ میں مسلح افراد تھانہ کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے ۔ حملہ آوروں نےحوالات میں بند تین بھائیوں کو ٹارگٹ کیا ، گولیاں لگنے سے تینوں بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔واردات کے بعد ملزم فائرنگ کرتے ہوئے باآسانی فرار ہوگئے ۔ تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کی پولیس مکمل ناکام دکھائی دی ۔
آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے سی پی او فیصل آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ جس کے بعد سی پی او فیصل آباد اور سینئر افسروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے ۔ مقتولین میں بلال ،عثمان،ناصر شامل ہیں جبکہ آصف نامی شخص زخمی ہے۔ سی پی او فیصل آباد نے کہا ہے واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان اور سہولت کاروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان تھانہ سٹی تاندلیانوالہ میں درج مقدمہ نمبری 1209/24 بجرم ت پ میں ملزم تھےاور تھانہ صدر کی حوالات میں بند تھے۔
ملزمان تھانہ کے پیچھے سے سیڑھی لگا کر داخل ہوئے اور پولیس کے تمام کمروں کے باہر سے کنڈی لگا کر انہیں کمرے میں بند کیااور حوالات جا کر فائرنگ کر دی۔
