پاکستان

متحدہ عرب امارات سے پاکستان  قانونی طریقے سے زرمبادلہ بھیجنے کیلئے مہم جاری

دبئی ۔ سٹاف رپورٹر۔ اگلے سال متحدہ عرب امارات سے پاکستان کیلئے 6 ارب ڈالرز زرمبادلہ پہنچنے کا امکان ہے ، سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی پُرعزم ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق   

دبئی میں “ اس بار — ہنڈی پر وار “  مہم کے تحت ایک تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام ابوظبی میں 48سال سے ترسیلات زر کی کمپنی انڈیکس ایکسچنج نے کیا تھا جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی تھے۔سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ اگلے سال متحدہ عرب امارات سے پاکستان زرمبادلہ کی ترسیل میں اضافے کا امکان ہے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ اگلے سال متحد عرب امارات میں بسے پاکستانی چھ ارب ڈالرز بھیجیں گے ۔ فی الحال متحدہ عرب امارات میں اوورسیز پاکستانی پانچ ارب ڈالرز سے زائد زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔

تقریب سجانے والے اور متحدہ عرب امارات میں ہنڈی کیخلاف غیر معمولی مہم شروع کرنے  والے انڈیکس ایکسچینج کے ہمایوں مراد ،سید عبدالسلام اور میر کے رسول نے کہا کہ محنت کشوں کی رہائش گاہوں تک ہنڈی کیخلاف پیغام پہنچایا ہے جس میں متحدہ عرب امارات کے اہم اداروں خصوصا ابوظبی پولیس ، دبئی پولیس اور دیگر حکام نے قانونی طریقوں سے زرمبادلہ کی ترسیل کی مہم میں بھر پور ساتھ دیا۔

پاکستان میں قانونی ترسیلات کو فروغ دینے کے لیے’’اس  بار —ہندی پہ وار‘‘کے عنوان سے میڈیا بریفنگ اور انگیجمنٹ ایونٹ میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں ٹریڈ اینڈ انوسمنٹ قونصلر علی زیب ،پریس قونصلر صالح محمد  

پاکستان بزنس کونسل دبی  کے صدر اقبال داؤد ، شبیر مرچنٹ، سید آصف زمان، صدر پاکستان سوشل سینٹر خالد حسین چوہدری، صدر پاکستان بزنس اینڈ پروفیشنل فورم ابوظبی قیصر انیس، اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کے ممبر بورڈ آف گورنر علی راو ،پاکستان ایوسی ایشن دبئی کے نائب صدر ڈاکٹر شاہد زماں اور پختون بزنس اینڈ ویلفیئر ارگنائزیشن کے صدر زبیر خاں نے شرکت کی ۔

شرکاء نے انڈیکس ایکسچینج کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی کہ اس نے انتہائی اہم اور جامع  مہم شروع کرکے پاکستانی تارکین وطن میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

شرکاء نے یہ بھی زور دیا کہ پاکستان سے غیر ملکی رقوم کی ترسیل کیلئے بھی ایک مکمل پالیسی بھی حکومت پاکستان کو بنانی چاہئے تاکہ قانونی بینکنگ چینلز کی حوصلہ افزائی ہو سکے اور بین الاقوامی شفافیت پیدا ہوسکے۔تقریب میں جشن آزادی پاکستان کے حوالے خصوصی کیک بھی کاٹا گیا،اورپاکستانی بزنس کمیونٹی لیڈرز کو ایوارڈ سے بھی نوازا گیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *