فیلڈ مارشل کی سعودی وزیرِدفاع سے ملاقات، دفاعی تعاون جاری رکھنے کا عزم
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، جس میں دفاعی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی امور سمیت مکہ دفاعی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے دوران مکہ دفاعی تعاون معاہدے میں شامل ممالک کے سربراہانِ افواج کے اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا، دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ اور سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی اور پاکستانی قیادت نے مکہ دفاعی تعاون معاہدے کے تحت ایسے حملوں کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس ملاقات میں سعودی وزیر مملکت، رکن مجلسِ وزرا اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور وزیر دفاع کے انٹیلی جنس امور کے مشیر ہشام بن عبدالعزیز بن سیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دریں اثنا شہزادہ خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ملاقات کے دوران معاہدہ مکہ برائے مشترکہ دفاع سے متعلق ممالک کے چیفس آف اسٹاف اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اس معاہدے کے دائرہ کار میں تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
