انصاف کی بروقت فراہمی ناگزیر، تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ نوجوان ججز بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ججز بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں، ضلعی عدالتیں نظام انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹ کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط کرنا ہوگی، ضلعی عدالتیں انصاف کی فراہمی کیلئے درکار فہرست ہمیں بھجوائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں جامع نظام انصاف کیلئے عدلیہ کی ضروریات پوری کی جائیں گی، ہم نے عدالتی ضابطہ اخلاق میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں، ایمانداری سے فرائض انجام دیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالتوں کو سولر نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، عدلیہ کو انٹرنیٹ کی بہترین سہولت فراہم کی جائے گی، عدالتوں کو ای لائبریریز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام تحصیلوں اور اضلاع میں بنیادی ضروریات پر کام جاری ہے، خواتین اور بچوں کیلئے سہولت مراکز کی فراہمی پر کام جاری ہے، تھرپارکر کی تحصیل نگرپارکر میں سولر سمیت تمام سہولیات موجود ہیں۔
