میزائلوں کا ذخیرہ تقریبا ًختم،امریکہ ایران سے ڈیل کیلئے بے چین
آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹم،پریسیژن سٹرائیک میزائل،پیٹریاٹ اور تھاڈ میزائل کی کمی سے چین روس کیساتھ ممکنہ تصادم میں عسکری تیاری متاثر ہوسکتی، صدرٹرمپ کی تردید مذاکرات میں پیش رفت،آج معاہدہ طے پاسکتا:امریکی وزرا،تیل کی قیمتیں 3ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں،حوثیوں کا سعوی ایئرپورٹ پر حملہ، یمن کے قریب بھارتی جہاز غرقاب

امریکا نے ایران کے ساتھ گزشتہ 5 ماہ سے جاری جنگ کے دوران اپنے دور مار اور درست نشانہ بنانے والے میزائلوں کے ذخائر کا بڑا حصہ استعمال کر لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق امریکی فوج اپنے زمین سے زمین پر مار کرنے والے اہم میزائلوں-ATACMS (آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹم) اور PrSM (پریسیژن سٹرائیک میزائل)-کا تقریباً سارا ذخیرہ استعمال کر چکی ہے ۔ امریکی حکام کو تشویش ہے کہ ان ذخائر کے ختم ہونے سے چین یا روس جیسے دیگر حریفوں کے خلاف مستقبل کے ممکنہ تصادم میں امریکا کی عسکری صلاحیتیں اور تیاری متاثر ہو سکتی ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دفاعی میزائل جیسے Patriot سسٹمز (65% تک استعمال) اور THAAD انٹرسیپٹرز کے ذخائر میں بھی قابل ذکر کمی آئی ہے ۔ اس کے علاوہ امریکا اپنے ٹوما ہاک کروز میزائلوں کا بھی تقریباً نصف ذخیرہ استعمال کر چکا ہے ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس نے ان خبروں اور خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ اور ضرورت سے کہیں زیادہ دفاعی سامان موجود ہے اور دفاعی کمپنیاں ریکارڈ سطح پر پیداوار بڑھا رہی ہیں۔
دوسری طرف منگل کو تیل کی قیمتیں اس وقت تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں جب امریکی حکام کے بیانات نے اس امید کو تقویت دی کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایران کے ساتھ کسی معاہدے پر پہنچا جا سکتا ہے ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ دونوں نے اعلان کیا کہ مذاکرات میں اتنی پیش رفت ہوئی ہے کہ جہاز رانی کا سلسلہ ممکنہ طور پر اسی ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتا ہے ۔بحری رسد میں خلل کم ہونے کے امکان سے متعلق خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت تقریباً 5 فیصد کم ہو کر 80 ڈالر سے نیچے آ گئی۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ایران اور عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز سے مزید جہازوں کی آمد و رفت ممکن بنانے کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے ۔انہوں نے محکمۂ خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاان مذاکرات میں اگرچہ پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔ ہمیں امید ہے کہ یہ بہت جلد ہو جائے گا۔دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق معاہدہ بدھ تک طے پا سکتا ہے ۔ مزید براں یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون حملے کے بعد سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا ۔
حوثی عسکری ترجمان یحیی سریع کے مطابق ڈرون حملے میں ایئرپورٹ کے ایک حساس حصے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈرون لگنے سے ایئرپورٹ کا بنیادی راڈار تباہ ہوا، جس کی وجہ سے پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔سعودی حکام کی جانب سے اس دعوے اور واقعے پر فی الحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ۔ایک بھارتی مال بردار جہاز یمن کے مغربی ساحل کے قریب بحیرۂ احمر میں بارودی کشتی سے ٹکرا گیا جس سے زوردار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اُٹھی،اس مبینہ حملے میں بھارتی جہاز کو شدید نقصان پہنچا،تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔جہاز کو محفوظ مقام تک پہنچانے کی کوششیں کی گئی تاہم وہ سمندر میں غرقاب ہوگیا۔یمن کے ساحلی شہر مخا کے عہدیدار کے مطابق ایم ایس وی فائز نورِ اولیا نامی جہاز کا عملہ، جس میں 13 بھارتی اور ایک یمنی شہری شامل تھے ، بندرگاہی شہر حدیدہ کے جنوب میں حملے کا نشانہ بننے کے بعد بحفاظت بچا لیا گیا۔نئی دہلی نے اس حملے کو بلااشتعال جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔بھارتی وزیر سربانند سونووال نے بتایا کہ جہاز یمنی سمندری حدود کے قریب ایک گولہ یا میزائل لگنے سے متاثر ہوا۔
