بورڈ آف پیس نےغزہ میں حماس کےغیرمسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا، امریکی صدر ٹرمپ کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ آف پیس نے غزہ میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا۔

صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ ہوگیا ہے، جیسے ہی غزہ کو غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، معاہدہ مرحلہ وار اور منظم طریقے سے نافذ کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف پیس نے آج غزہ میں حماس اور دیگر تمام مسلح گروہوں کے مکمل غیر مسلح ہونے سے متعلق ایک تاریخی معاہدہ کیا ہے، یہ معاہدہ دیرپا امن اور سلامتی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم قدم ہے: ٹرمپ
ٹرمپ نے کہاکہ یہ معاہدہ غزہ میں بالآخر ایک نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے، جو فلسطینی عوام کی مدد کے لیے بورڈ آف پیس کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرے گی۔
امریکی صدر نےکہا کہ ساتھ ہی اسرائیل کو بھی وہ سکیورٹی فراہم کی جائے گی جس کا وہ مطالبہ کرتا ہے، تاکہ غزہ کو مستقبل میں حملوں کے اڈے کے طور پر استعمال نہ کیا جا سکے۔
استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس کیساتھ مل کر غزہ میں امن و امان کی ذمہ داری سنبھالے گی: ٹرمپ
امریکی صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ میرے 20 نکاتی منصوبے پر عمل درآمد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا، اور جیسے جیسے غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج غزہ سے انخلا کریں گی، جبکہ بین الاقوامی استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس کے ساتھ مل کر غزہ میں امن و امان کی ذمہ داری سنبھالے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک سال قبل غزہ شدید جنگ، انسانی بحران کا شکار تھا، تاہم اب نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اگرچہ ابھی مزید کام باقی ہے۔
ٹرمپ نے اس موقع پر مصر، قطر اور ترکیہ کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کو بھی تاریخی پیش رفت کا سبب قرار دیا۔
7اکتوبر کو غزہ سے پیدا ہونیوالے خطرے کو دوبارہ جنم لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی: ٹرمپ
صدر ٹرمپ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ 7 اکتوبر کو غزہ سے پیدا ہونے والے خطرے کو دوبارہ جنم لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آخر میں کہا گیا کہ اس معاہدے کے تحت غزہ بالآخر ایسی نئی فلسطینی حکومت کے حوالے کیا جائے گا جو اپنے عوام کی خدمت کرے گی، اور اس پیش رفت کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے سب کو مبارکباد دی گئی۔
ہتھیاروں اور اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا پر معاہدہ طے پاگیا: حماس کی تصدیق
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے تصدیق کی ہےکہ ہتھیاروں اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے مرحلہ وار انخلا پر معاہدہ طے پاگیا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ثالث کردار ادا کریں، امید ہے ثالث اور بورڈ آف پیس اسرائیل کو معاہدے کا پابند بنائیں گے۔
