نیٹواجلاس سے پہلے روس کا بڑا وار، کیف پرمیزائلوں کی بارش، 8 افراد ہلاک
ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں کیف اور اس کے اطراف پر یہ دوسرا بڑا میزائل حملہ ہے

روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے نواحی علاقوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 34 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حملوں کے باعث متعدد رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی مقامات پر آگ بھی بھڑک اٹھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ترکیے میں نیٹو سربراہی اجلاس شروع ہونے والا ہے جس کی وجہ سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کیف میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دارالحکومت کے شمال مغرب میں واقع ضلع بوچا میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
کیف کے میئر ویتالی کلچکو نے بتایا کہ حملے کے دوران شہر کا فضائی دفاعی نظام متحرک رہا اور متعدد میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کیا گیا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور خطرہ ٹلنے تک پناہ گاہوں میں رہیں۔
کیف ریجن کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو نے تصدیق کی کہ روس نے بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی رہائشی علاقوں کو نقصان پہنچا اور مختلف مقامات پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
