آس پاستازہ ترینخاص خبریں

نویں محرم کے جلوس برآمد ہونا شروع، سکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل فون سروس جزوی معطل

لاہور، اسلام آباد، کراچی: (89نیوز) شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کوسلام۔ ملک بھر سے 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہوگئے۔

مختلف شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور نگرانی کے دیگر جدید نظاموں سے مدد لی جا رہی ہے۔

کئی شہروں میں ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا اور موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

لاہور

لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگیا، جلوس سراج بلڈنگ، اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی کی جانب جائے گا۔

مرکزی جلوس پرانی انارکلی، اے جی آفس اور بابا موج دریا روڈ کے راستے امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچے گا، خیمہ سادات میں مجلس عزا اور نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد جلوس دوبارہ روانہ ہوگا، جلوس خیمہ سادات سے واپس اپنے مقررہ روٹ کے مطابق روانہ ہو کر پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس اثنا عشریٰ سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کو مکمل بند کر دیا گیا ہے۔

کراچی

شہر قائد سے 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جلوس سے قبل صبح 10 بجے نشتر پارک میں خطیبِ پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی مرکزی مجلسِ عزا سے خطاب کریں گے جس کے بعد مرکزی جلوس پاک حیدری اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہوگا۔

جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے شاہنواز بھٹو روڈ، ایم اے جناح روڈ اور مرکزی نمائش چورنگی سے آگے بڑھے گا، اس دوران ایم اے جناح روڈ پر واقع امام بارگاہ علی رضا کے سامنے عزادار نمازِ ظہرین ادا کریں گے، بعد ازاں جلوس کھارادر میں واقع حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

حیدر آباد
حیدرآباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس انجمن گلدستہ اکبر کے تحت برآمد ہوگیا، جلوس لطیف آباد پانچ سے نکالا گیا، جلوس سے قبل مجلس برپا ہوئی، جلوس اپنے روایتی راستوں پر گشت کرتا ہوا اپنے آغاز کے مقام پر ہی پہنچ کر شام گئے اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس میں علم عباس، شبیہ ذوالجناح، شبیہ تابوت، شبیہ جھولا اصغر و دیگر تبرکات شامل ہیں، جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں، پولیس و رینجرز کی نفری اور اسکاؤٹس کے دستے بھی ہمراہ ہیں۔

ملتان

ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کی سی سی ٹی وی کی مدد سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

پشاور

پشاور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوگیا، جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دوراں ہے جو کہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے لئے سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، پشاورمیں 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے لئے تعینات ہیں۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کا شبیہ ذوالجناح کا جلوس دوپہر 2 بجے امام بارگاہ ناصر العزاء سے برآمد ہوگا، شہر میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہوں سے ملحقہ گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کے روٹ پر آنے والی مارکیٹوں اور دکانوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ جلوس کے اوقات میں ٹریفک پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *