لاہوراوراسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں آج بادل برسنے کی نوید
شدید گرمی کے بعد لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں آج بادل برسنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے لاہور سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں 13 جون تک وقفے وقفے سے بادل برسیں گے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 26، زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام میں لاہور میں بادل برسنے کے امکانات ہیں، اعداد وشمار کے مطابق ہوا کی رفتار 16 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد تک جا پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گردونواح میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
اس کے علاوہ کرک شہر اور مضافات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، خیبرپختونخوا میں آج سے طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت دیگر اضلاع میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔
