پاکستانتازہ ترین

پنجاب اورآذربائیجان کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پراتفاق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد مائیکل جباروف سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں پنجاب اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے روابط اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے تعاون کو منظم اقتصادی روابط، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، زراعت، لاجسٹکس، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں تک وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کی سہولت کاری کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا باضابطہ فیصلہ بھی کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کو مشترکہ ورکنگ گروپ کی سربراہی سونپی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ورکنگ گروپ میں دونوں ممالک کے متعلقہ سرکاری محکمے اور تکنیکی ماہرین شامل ہوں گے، جو تعاون اور مشترکہ منصوبوں (جوائنٹ وینچرز) کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کریں گے، ورکنگ گروپ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے مواقع کو منظم کرنے کے ساتھ سرمایہ کاروں کی باہمی ہم آہنگی اور منصوبوں کی ترقی میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔

ملاقات میں انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ، زراعت، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے فریم ورک تجویز کرنے اور ریگولیٹری سہولت کاری و کاروبار میں آسانی (ایز آف ڈوئنگ بزنس) کے لیے مؤثر میکانزم تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدے (پریفریشنل ٹریڈ ارینجمنٹ) کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جس کا مقصد مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانا، تجارتی رکاوٹوں میں کمی اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نئے قائم کردہ ورکنگ گروپ کے ذریعے قریبی ادارہ جاتی ہم آہنگی برقرار رکھی جائے گی اور بات چیت کو قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے فالو اپ سرگرمیوں کو تیز کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *