آس پاسعالمی خبریں

آبنائے ہرمز میں ایران سے جھڑپوں کے باوجود جنگ بندی برقرار ہے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور اطراف میں ایران کے ساتھ جھڑپوں کے باوجود جنگ بندی برقرار ہے، ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، معاہدہ کسی بھی دن ہو سکتا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو آج امریکی بحری جہازوں پر حملے نہیں کرنے چاہئے تھے، ایران نے امریکی جہازوں پر میزائل اور ڈرونز حملے کیے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی پہلی رجیم ختم ہوگئی، دوسری تقریباً ناکارہ ہوچکی ہے ، ایران میں رجیم چینج تو ہو چکی، اب ہم تیسری رجیم سے ڈیل کر رہے ہیں، ایران جلد معاہدے پر دستخط کردے گا، ایران کسی صورت ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔

علاوہ ازیں ٹرمپ نے ایک بار پھر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شاندار ملک ہے ، پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شاندار شخصیات ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے 3 ڈسٹرائر بحری جہاز آبنائے ہرمز پار کر گئے، ان بحری جہازوں پر ایران کی جانب سے حملہ بھی کیا گیا مگر انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

دوسری طرف امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے جزیرہ قشم اور بندرگاہ بندر عباس پر حملے کی تصدیق کردی اور دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے ایران کی جانب سے بلا اشتعال حملے کا ذاتی دفاع میں جواب دیا ہے۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائیرز نے آبنائے ہرمز سے خلیج عمان کا سفر کیا، اس دوران ایرانی افواج نے میزائل، ڈرون اور چھوٹی کشتیوں سے امریکی بحری جہازوں پر حملہ کیا تاہم امریکی بحریہ کا کوئی اثاثہ نشانہ نہیں بنا۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق امریکی فوج نے خطرے کو ختم کیا اور حملے کی ذمے دار ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا، ان تنصیبات میں ایران کی میزائل اور ڈرون لانچنگ تنصیبات شامل تھیں۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق اس کے علاوہ ایران کی کمانڈ اینڈ کنٹرول تنصیبات، انٹیلی جینس، سرویلنس تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، امریکہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، لیکن امریکا پوری طرح مستعد ہے اور امریکی افواج کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *