دنیا کا وہ ملک جہاں اے آئی کو جوازبناکرملازمین کوفارغ کرنا غیرقانونی قراردیدیا گیا
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے باعث دنیا بھر میں کمپنیوں کی جانب سے ورکرز کو ملازمتوں سے فارغ کیا جا رہا ہے۔

مگر چین میں کمپنیوں کے لیے ملازمین کی جگہ اے آئی کو دینے کے عمل کو غیرقانونی قرار دے دیا گیا ہے۔
ہواگز کی ایک عدالت نے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اے آئی کے باعث لوگوں کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ہوانگزو چین کا وہ شہر ہے جسے اہم چینی اے آئی ہب قرار دیا جاتا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کمپنیوں کو ٹھوس قانونی بنیادوں پر ملازمین کو نکالنے کی اجازت دی جاسکتی ہے، اے آئی کے باعث نہیں جبکہ ملازمین کی تنخواہوں کو گھٹانا بھی قبول نہیں کیا جاسکتا۔
یہ مقدمہ ایک ٹیکنالوجی کمپنی سے تعلق رکھنے والے ملازم نے دائر کیا تھا جسے ملازمت سے نکال دیا گیا تھا جبکہ مناسب معاوضہ بھی نہیں دیا گیا تھا۔
مقدمے میں ان ورکرز کا حوالہ بھی دیا گیا تھا جن کو اے آئی کے باعث ملازمتوں سے محروم ہونا پڑا تھا۔
مقدمہ لڑنے والے ایک وکیل نے بتایا کہ یہ موجودہ اے آئی کے عہد کا بہت اہم مقدمہ ہے اور کمپنیوں کو سماجی ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیشرفت کو واپس نہیں کیا جاسکتا مگر وہ قانونی دائرے سے باہر نہیں۔
عدالت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانی ملازمین کو بھی ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیشرفت کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ موجودہ عہد کے تقاضوں کے مطابق تربیت حاصل کرسکیں۔
