آپریشن وعدہ صادق 4 کی 93ویں لہر: ایران کے شہید نیول چیف کی یاد میں حملے، تل ابیب سمیت امریکی اڈے نشانہ
آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 93ویں لہر میں ایران نے شہید نیول چیف ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی یاد میں صیہونی ریاست پر گائیڈڈ میزائلوں سے حملہ کر دیا۔

ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 93ویں لہر میں شمالی اور وسطی مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جنگی امدادی مراکز پر حملے کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ مغربی گلیلی، حیفہ، کفرکنہ اور کرائیوٹ پر گائیڈڈ میزائل داغے گئے، ایرانی فورسز نے گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے اہداف کو درستگی سے نشانہ بنایا، یہ حملے بحریہ کے شہید ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی یاد میں کیے گئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے تل ابیب اور حیفہ سمیت مختلف شہروں پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں عمارتیں تباہ ہوگئیں، گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جبکہ اسرائیل کا دفاعی نظام میزائل روکنے میں بری طرح نا کام رہا۔
ایران کے میزائل حملوں کے بعد شمالی اسرائیل میں سائرن بج اٹھے
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں میں نیگیو کے صنعتی علاقے اور وسطی اسرائیل کی متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، روش ہائین اور پیتاہ تکوا میں عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ تل ابیب کی متعدد جگہیں بھی متاثر ہوئیں۔
ایران فوج کے 3 ریاستوں میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملے
ایرانی فوج کے مطابق اردن میں امریکی فوج کے گودام میں ڈرون حملے کیے گئے، اسی طرح کویت میں موجود امریکی بٹالین اور بحرین میں امریکی فوج کی مدد کرنے والی ایلومینیم فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج کے مطابق بحرین میں ایلومینیم فیکٹری امریکی فوج کو سامان فراہم کرتی ہے، یہ کارروائی ایران میں شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے جواب میں کی گئی، دشمن کے اقدام کا توقعات سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔
حزب اللہ کے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں پر میزائل حملے
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے مطابق عینا تا قصبے کے الصدر علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی گاڑیوں کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان حزب اللہ کے مطابق جنوبی سرحدی قصبے مارون الراس میں بھی اسرائیلی ٹھکانوں پر حملے کیے گئے، اسرائیلی توپ خانے اور فورسز پر میزائل داغے گئے ہیں۔
امریکا اور اسرائیل کے تہران پر فضائی حملے، 3 افراد شہید
ایرانی وزارتِ صحت نے مزید 3 ایرانی شہریوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 28 فروری سے جاری حملوں میں شہدا کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
وزارت صحت کے مطابق 26 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوئے، جبکہ مسلسل حملوں میں 600 سے زائد سکولوں اور تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ایران نے امریکا کے 3 جنگی طیارے مار گرائے، 2 ہیلی کاپٹروں پر فائرنگ
سپاہ پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی فوج نے امریکا کا ایف 35 طیارہ وسطی ایران میں مار گرایا ہے، امریکا کے ایک تباہ طیارے کا پائلٹ ایران میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گرفتار کیے جانے کی متضاد اطلاعات ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کے اے 10 لڑاکا طیارے کو جنوبی ایران میں خلیجی فارس میں آبنائے ہرمز کے قریب مار گرایاہے تاہم برطانوی میڈیا کے مطابق پائلٹ بچ نکلا۔
ایران نے امریکا کے ایف 15 طیارے کو بھی نشانہ بنایا جسے ریسکیو کرنے کیلئے آئے 2 ہیلی کاپٹرز پر فائرنگ کی گئی، یہ ہیلی کاپٹر پائلٹ کو ریسکیو کر کے لے جا رہے تھے، فائرنگ سے ان ہیلی کاپٹروں کا عملہ زخمی ہوا۔
مغربی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ہیلی کاپٹر لینڈ کر گئے مگر ایرانی میڈیا نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا ہےکہ ایک ہیلی کاپٹر نشانہ بنائے جانے سے آگ لگ گئی اور وہ نیچے جاگرا۔
