پاکستانتازہ ترینخاص خبریں

پاکستان کی سیاسی قیادت عیدالفطرکہاں منائے گی؟

پاکستان میں عید الفطر کل مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی اور عوام کی طرح سیاسی و حکومتی شخصیات اپنے اپنے آبائی علاقوں اور مخصوص مقامات پر نماز عید ادا کریں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اس بار بھی روایت برقرار رکھتے ہوئے نواب شاہ میں عیدالفطر کی نماز ادا کریں گے، وہ گزشتہ کئی برسوں سے عید اپنے آبائی شہر میں ہی مناتے آ رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف عیدالفطر کی نماز لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ادا کریں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اس مرتبہ جاتی امراء میں نماز عید ادا کریں گے، واضح رہے کہ شریف فیملی ماضی میں اکثر عید سعودی عرب میں مناتی رہی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جاتی امراء میں عید منائیں گی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سیہون میں موجود ہوں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی سہیل آفریدی پشاور میں نماز عید ادا کرنے کے بعد اپنے آبائی علاقے خیبر روانہ ہوں گے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کریں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ کے گڑھی خدا بخش میں نماز عید ادا کریں گے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ملتان میں عید منائیں گے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق لاہور میں نماز عید ادا کریں گے جبکہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ اپنے آبائی شہر نواب شاہ میں نماز عید ادا کریں گے۔

اپوزیشن جماعتوں میں جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد سے ڈی آئی خان میں آبائی گاؤں عبدالخیل میں عید منائیں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کا عید اپنے آبائی علاقے چمن میں گزاریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر عید بونیر میں سیلاب متاثرین کے ساتھ گزاریں گے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد راولپنڈی میں واقع اپنی رہائش گاہ لال حویلی میں عید منائیں گے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں عید منائیں گے۔

ملک بھر میں عیدالفطر کے موقع پر سیاسی قیادت کی مختلف مقامات پر موجودگی کے باعث سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ عوامی سطح پر بھی عید کی تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری رہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *