ایران نے امریکہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت سے انکارکر دیا
ایران نے رواں سال امریکہ میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے باعث عالمی کھیلوں کے حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر کھیل احمد دنیامالی نے کہا کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا، امریکا کی جانب سے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کے بعد ورلڈ کپ میں شرکت ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ورلڈ کپ میں شرکت کا کوئی جواز نہیں بنتا، ایران کے بچوں اور شہریوں کی جانیں محفوظ نہیں، ایسے حالات میں ٹیم نہیں بھیج سکتے، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو آئندہ فیفا ورلڈ کپ کے میزبان ممالک ہیں، ایران کے گروپ اسٹیج کے تمام میچز امریکی شہروں لاس اینجلس اور سیئٹل میں شیڈول ہیں۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے بھی ورلڈ کپ شرکت پر خدشات ظاہر کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتحال میں کون اپنی قومی ٹیم کو وہاں بھیجے گا؟
فیفا صدر جانی انفینٹینو کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کی دعوت دی ہے، ایران ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا پہلا ملک تھا۔
