حضرت علیؓ کا یوم شہادت، لاہورسمیت ملک بھرمیں جلوس برآمد ، سخت سکیورٹی انتظامات
حضرت علیؓ کا یومِ شہادت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، آج لاہور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہو گئے ہیں ۔

لاہور میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہو گیا ہے۔ جلوس اپنے قدیمی روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے قریب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 30 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں 8 ہزار سے زیادہ افسران و اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 217 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے تقریباً 20 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 994 مجالس کی حفاظت کے لیے 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق صوبے بھر میں 32 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 67 اہم مجالس منعقد کی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ عزاداری جلوسوں اور مجالس میں آنے والے شرکاء کی مکمل چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔
سکیورٹی انتظامات کے تحت خواتین عزاداروں کی تلاشی کے لیے لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں جبکہ جلوسوں میں سادہ لباس میں کمانڈوز بھی موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے راستوں کی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
اسی طرح کراچی میں صدر کی مختلف سڑکوں اورگلیوں کوکنٹینرر لگا کر بندکردیا گیا۔ مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوگی ، جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
راولپنڈی میں یوم علی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، پشاور میں یوم علی کا جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر ختم ہو گیا، جلوس کوچی بازار سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔
